کرولی/جے پور،10/اکتوبر (آئی این ایس انڈیا) راجستھان کے ضلع کرولی ضلع کے سپوٹرا کے بوکنا نامی گاؤں میں دبنگوں نے زمینی معاملہ کے تحت پجاری کو زندہ جلایا تھا۔ جمعہ کی دیر شب پجاری کی لاش جے پور سے اس کے آبائی گاؤں لائی گئی۔ اہل خانہ نے آخری رسومات ادا کرنے سے انکار کردیا ہے۔ علاوہ ازیں پسماندگان نے خاندان کے ایک رکن کی سرکاری ملازمت نیز 50 لاکھ روپے معاوضہ کا مطالبہ کردیا۔ پسماندگان کا مزیدکہنا تھا کہ ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے۔ ان کی مدد کرنے والے پٹواریوں اور پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے۔ متاثرہ افراد کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک آخری رسومات ادا نہیں کریں گے جب تک کہ ہمارے مطالبات پورے نہ ہوں۔ اسی وقت گاؤں میں احتجاج اور دھرنا جاری ہے۔خیال رہے کہ بابو لال کو گاؤں کے لوگوں نے زمینی تنازعہ کے سبب پیٹرول ڈال کرزندہ جلادیا تھا جمعرات کو جے پور کے ایس ایم ایس اسپتال میں علاج کے دوران مذکورہ پجاری کا انتقال ہوگیا۔ پولیس نے مرکزی ملزم کیلاش مینا کو گرفتار کرلیا ہے۔ باقی ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ خیال رہے کہ پجاری کی اس موت پر راجستھان بی جے پی اور حزب مخالف سیاست کررہی ہے۔